بیٹنگ پاور کی بدولت نیوزی لینڈ دوسرے ٹی20 میں کامیاب

November 30, 2020

ماؤنٹ مانگنوئی (جنگ نیوز) نیوزی لینڈ نے اپنی بیٹنگ پاور کے مدد سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 72رنز سے کامیابی سمیٹ کر ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن سبقت حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کے گلین فلپس نے46 گیندوں پر دنیا کی دسویں تیز ترین سنچری بنا ڈالی ۔ اتوارکو ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو اسے مہنگا پڑ گیا۔ کیویز نے بولنگ کی قلعی کھول کر 238 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ اوپنرز ٹِم سیفرٹ اور مارٹن گپٹل 49 رنز کی پارٹنر شپ پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ڈیوڈ کونوے اور گلین فلپس نے کریز سنبھالی اور میچ کو ویسٹ انڈیز کی پہنچ سے دور کردیا۔ فلپس نے 51گیندوں پر 108رنز آٹھ چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ کونوے 37 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے چار چوکے اور اتنے ہی چھکے لگائے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم جواب میں 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 166 رنز ہی بنا سکی۔ آندرے فلیچر اور مایرز 20،20، شیمرون ہٹمائر 25، کپتان کیرون پولارڈ 28 اور کیمو پال 26رنز بناکر نمایاں رہے۔ گلین فلپس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔