اپوزیشن جنسی زیادتی کے خلاف قانونی سازی میں ساتھ دے ،عبدالباسط

November 30, 2020

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کے لیے مجرموں کو نامرد کرنے کے اقدام کی منظوری دے دی ہے اب معاملہ وزارت قانون کے پاس ہے جہاں سے یہ بل قانون کا حصہ بنانے کے لیے پارلیمنٹ اور سینٹ میں پیش کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف برطانیہ کے سابق جنرل سیکرٹری اور محکمہ تعلیم خیبرپختونخواہ کے برطانیہ میں معاون خصوصی سید عبد الباسط شاہ مشوانی نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں پاکستان کا وجود لا الہ الااللہ کی بنیاد پر ہے اسے بنیاد بنا کر معصوم بچوں خواتین کو جسمانی تحفظ دینا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے، بچوں سے جنسی زیادتی کے مرتکب افراد کو نامرد کرنے سے دوسروں کے لیے عبرت ہو گی اور اس سے جرائم میں کمی آئے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یہ نہیں کہتا اس سے جرائم بالکل ختم ہو جائیں گے۔ اقتدار میں آنے سے پہلے وزیراعظم عمران خان کی یہی سوچ تھی تو ہم بھی بے تابی سے اس انتظار میں تھے کہ وہ برسر اقتدار آکر انقلابی اقدام اٹھائیں اورانہوں نے کر دکھایا اس قانون سازی سے خواتین اگر پیدل اکیلے بھی جا رہی ہوں تو اپنے آپ کو محفوظ سمجھیں گی۔ باسط مشوانی کا کہنا تھا میں چاہتا ہوں کہ اپوزیشن جماعتیں اس معاملے پرحکومت کا ساتھ دیں تاکہ جلد اس بارے قانون بن سکے تاکہ اس سے بچوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور عوام کو خوش ہونا چاہیے کہ ایسا قانون بننے جا رہا جس سے ہمارے بچے اور خواتین جنسی زیادتی سے محفوظ رہ سکیں گے۔