’’گریٹر کراچی‘‘ حتمی منزل ہے،ندیم نصرت

November 30, 2020

واشنگٹن (پ ر) وائس آف کراچی کے چیئرمین ندیم نصرت نے کہا ہے کہ شہری سندھ پر مشتمل گرینڈ الائنس موجودہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہےجب کہ پاکستان کی جغرافیائی حدود میں شہری سندھ کے علاقوں پر مشتمل ’’گریٹر کراچی‘‘ حتمی منزل ہے۔ وہ وائس آف کراچی برطانیہ شاخ کے تحت منعقدہ اجلاس سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے رکن ستار خان، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے برطانیہ سے اراکین عدیل حسنین، ڈاکٹر خرم رضویاور وائس آف کراچی برطانیہ شاخ کے آرگنائزر واصف عزیز، جوائنٹ سیکرٹری وسیم انور، سیکرٹری نشر و اشاعت کاظم رضا، سیکرٹری سوشل میڈیا رئیس قاضی سمیت لندن، بر منگھم، بریڈ فورڈ، مانچسٹر اور لیسٹر میں مقیم پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ندیم نصرت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شہری سندھ باالخصوص مہاجر قوم سے تعصب نے سندھ ہی نہیں پورے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کو مہاجرو پاکستان دشمن اقدمات سے روکنے اور سندھ کارڈ کی بلیک میلنگ کو مستقل نکیل ڈالنے کیلئے شہری سندھ اور مہاجر قوتوں کا اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر قیادت اور قوم کو اپنی ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا اور بغیر رکے اپنی حتمی منزل’’گریٹر کراچی‘‘کی طرف بڑھنا ہوگا جو نہ صرف ان کے حقوق بلکہ پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور استحکام کی بھی ضمانت ہے۔ اس موقع پر برطانیہ کے مختلف شہروں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے جو بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے، نے ندیم نصرت سے وائس آف کراچی کے اغراض و مقاصد سمیت پاکستان، جنوبی ایشیائی خطہ اور عالمی منظر نامے میں تبدیل ہوتی صورتحال خصوصاً امریکی انتظامیہ کی تبدیلی اور اس کے پاکستان پر اثرات کے حوالے سے سوالات بھی کئے جن کے ندیم نصرت نے جوابات دیئے۔ انہوں نے برطانیہ شاخ کے ذمہ داران کو ذمہ داریاں سنبھالنے اور بڑا اجتماع کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں تندہی و لگن سے اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینے کی ہدایت کی۔