کاتالونیا میں کرکٹ کی ترویج کیلئے کام جاری ہے ،شیخ عامر سعید

November 30, 2020

بارسلونا(جواد چیمہ)کاتالان کرکٹ فیڈریشن کاتالونیا میں کرکٹ کی ترقی وترویج کے لئے کام کررہی ہے۔ سال 2020 کورونا بحران کے باوجود فیڈریشن بہتری کی جانب گامزن ہے۔ گزشتہ روز کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے صدر شیخ عامر سعید اور دیگر عہدیداران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی ایک سال کی کارکردگی پیش کی ۔شیخ عامر سعید اور حافظ غلام سرورنے کہا کہ گزشتہ ادوار میں فیڈریشن حکومتی داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر انداز میں نہیں چلا سکی جسکی وجہ سے حکومتی ادارے اور فیڈریشن میں دوری پیدا ہوئی جسے اب ہم نے کا فی حد تک دور کردیا ہے۔ ہم نے حکومتی اداروں کی جانب سے جو فیڈریشن پر قرض تھا اسے بھی 70فیصد تک کم کردیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ سال حکومتی ادارے ہمارے ساتھ ہر طرح کا تعاون کریں گے۔ اس کے علاوہ ہماری کوشش ہوگی کہ فیڈریشن کے ممبر تمام کلبز کو بھی حکومت کی جانب سے پراجیکٹ ملیں۔ فیڈریشن اپنے ایک سال کا مکمل ریکارڈ رکھتی ہے جس میں ایک یورو تک کی خریداری کی اصل رسید موجود ہے اور اس فائل کو کوئی بھی کلب یا ممبر چیک کرسکتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم پوری ایمانداری اور خلوص نیت سے کرکٹ کے کھیل کو اسپین کا ایک مقبول کھیل بنا دیں ۔آئندہ سال ہم جونیئر لیگ اور لڑکیوں کے لئے بھی کرکٹ لے کر آ رہے ہیں ۔ کاتالونیا کے اسکولوں میں ایشین بچوں کی بہت بڑی تعداد زیر تعلیم ہے۔ ان بچوں میں کرکٹ کا جوش وجذبہ بھی موجود ہے ہم ان بچوں کو بھی کرکٹ کے میدان میں لائیں گے جو ایک بہت بڑا ہدف ہے۔ فیڈریشن نے ایشین لوگوں کے ساتھ ساتھ یورپی لوگوں کو بھی حصہ بنانے کا پلان بنایا ہے۔ اس سلسلہ میں تمام ممبر کلبز کو ایک یورپی کھلاڑی کو کلب کا حصہ بنانا لازمی قرار دیا ہے۔ اور جو کلب دو یورپی یا مقامی اسپانش کھلاڑیوں کو جگہ دے گا فیڈریشن اس کو سہولیات فراہم کرے گی۔ بارسلونا میں کورونا کے باوجود تین بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کرائے گئے جن کو سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں نے لائیو دیکھا جس سے بارسلونا کرکٹ دنیا بھر میں مقبول ہو رہی ہے۔ اسی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کاتالان کرکٹ فیڈریشن نےکرکٹ اسپین کے ساتھ مل کر بارسلونا کے معروف گراونڈمیں پچ بنوانے کی اجازت بھی حاصل کر لی ہے۔ جسے دسمبر میں انٹرنیشنل کمپنی پچ بنائے گی۔ پچ کے بننے سے بارسلونا میں انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے۔2020 میں کرکٹ لیگ مکمل نہ ہو سکنے پر فیڈریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ 2021 کی کرکٹ لیگ میں کلبز سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی بلکہ 2020 کی لیگ کی فیس میں ہی لیگ کرائی جائے گی۔ جونیئر لیگ کے تمام اخراجات فیڈریشن اٹھائے گی۔