مسیحی برادری کا جبری مذہب تبدیل کرا کے شادیاں کرنے کے واقعات کے خلاف مظاہرہ

November 30, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد کی مسیحی برادری کی جانب سے اقلیتی اور مسیحی برادری کی بیٹیوں سے زیادتی اور جبری مذہب تبدیل کرا کے شادیاں کرنے کے واقعات کے خلاف حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر شکیل مسیح، بوٹا امتیاز مسیح اور صوبہ بھٹی سمیت دیگر نے کہا کہ21اکتوبر کے روز پاسر شکیل مسیح کی بھتیجی کوسعید سہتو عرف ساؤ نامی شخص نے راستے میں روک کر گھر کی عورتوں کی تصاویر اور موبائل نمبر طلب کیا اور نہ دینے کی صورت میں دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ اگر میرا یہ کام نہیں کیا تو کمرے میں بند کرکے سخت تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی گھر کے دیگر افراد کو مارنے کی بھی دھمکیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری سمیت دیگر اقلیتی برادری کی بیٹیاں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔