فالج کا اندازہ لگانے والی فون ایپ

November 30, 2020

اس جدید دور میں ماہرین حیران کن چیزیں تیار کرنے میں سر گرداں ہیں ۔اس ضمن میں امریکی سائنس دانوں نے نے مشین لرننگ ایپ بنائی ہے جو فالج کے مریض کی آواز اور ویڈیو سے اس کی کیفیت کا اندازہ لگا سکتی ہے۔یہ ایپ پینسلو انیا اسٹیٹ یونیورسٹی اور ہیوسٹن میتھو ڈسٹ ہسپتال نے مشتر کہ طور پر تیار کی ہے ۔اس کی تیاری کے لیے پہلے تقریبا ً80 فالج کے مریضوں کی آواز اور ویڈیو ریکارڈ کی گئی ہے اور اسے ڈیٹا بیس میں شامل کیا گیا ۔

بعدازاں ڈیٹا کو مشین لرننگ سے گزار کر الگو رتھم کو تر بیت دی گئی ۔جب اسے فالج کے مریضوں پر آزمایا گیا تو اس نے 79 فی صد درستی سے فالج کی کم یا زیادہ شد ت کی پیش گوئی کی ،جس کی تصدیق مختلف ٹیسٹ سے بھی ہو ئی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایپ ایمرجنسی روم کی تشخیص کی طرح ہی کام کرتی ہے۔ اس ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ چار منٹ میں فالج ہونے یا نہ ہونے کی نشاندہی کرسکتی ہے۔

اس پر تحقیق کرنے والی ماہر پروفیسر شیرون ہوانگ کے مطابق یہ اولین کام ہے، جس سے ایمرجنسی میں فالج کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ چہرے کا ڈیٹا اور آواز اس ضمن میں بہت مددگار ہوتا ہے اور اس طرح گھر بیٹھے مریض اپنی کیفیت کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ اس لحاظ سے یہ ایپ طبی اہمیت رکھتی ہے۔