کینٹ، غیرقانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن،بالائی منزلیں مسمارکر دی گئیں

November 30, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے غیرقانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے بالائی منزلوں کو مسمارکر دیا جبکہ بیکری روڈ پر اولڈ گرانٹ پراپرٹی پر مبینہ طور پر جاری غیرقانونی فرش ڈالنے کا کام رکوا دیااور بینک روڈ پر بند گلی میں بورنگ کا سامان قبضہ میں لے لیا، ڈپٹی سی ای او غلام صابر بسراء کی ہدایت پر شعبہ بلڈنگ کنٹرول کے عملہ نے مصریال روڈ پر ایک پرائیویٹ سکول کی بالائی منزل پرجاری غیرقانونی تعمیر کو مسمار کر دیا ، عملہ نے احمد آباد میں غیرقانونی تعمیرات کو گرا دیا جبکہ بیکری روڈ پر اولڈ گرانٹ پراپرٹی میں بار بار بند کرنے کے باوجود غیرقانونی طور پر فرش ڈالا جا رہا تھا جسے ڈپٹی سی ای او کی ہدایت پر فوری طور پر بند کروا دیا گیا ، ادھر انفورسمنٹ کے عملہ نے بنک روڈ کی بند گلی میں غیرقانونی بورنگ کا کام بند کروانے کے باوجود جاری رکھنے پر رات گئے بوکیاں وغیرہ قبضہ میں لے لی گئی اور کام بند کروا دیا گیا، ڈپٹی سی ای او غلام صابر بسراء کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تعمیرات کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی چاہے وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اس حوالے سے ایگزیکٹوآفیسر محمد عمر فاروق علی ملک نے بھی سخت احکامات جاری کررکھے ہیں۔