مستحق بزرگ شہریوں کو ماہانہ 2000روپے ملیں گے،کمشنر

November 30, 2020

راولپنڈی( اپنے رپورٹر سے) باہمت بزرگ پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 5093سینئر سٹیزنز کو کارڈذ جاری کیے جائیں گے جن سے 65سال اور زائد عمر کے مستحق بزرگ شہریوں کو ماہانہ 2000روپے مل سکیں گے۔یہ بات کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کے اضلاع میں یہ پروگرام بیک وقت شروع کر دیا گیا ہے اور تمام اضلاع سے کارڈوں کے اجراء، نادار کی تصدیق اور دیگر متعلقہ امور پر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ضلع میں 2257 بزرگ شہریوں کو کارڈز دئیے جائیں گے جبکہ ضلع اٹک میں 894، جہلم 616اور چکوال 1326 مستحق بزرگ شہریوں کو کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں 320 بزرگ شہریوں کو کارڈز جاری کئے جا چکے ہیں اور اس عمل کو جلد مکمل کرنے کے لئے اس حوالے سے کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔