پاکستانی خواجہ سرا نے غیر ملکی ایوارڈ اپنے نام کرلیا

November 30, 2020


پاکستانی خواجہ سرا نایاب علی نے ایشیا کا سب سے بڑا ایوارڈ ’ٹرانس جینڈر ہیرو ایوارڈز‘ اپنے نام کرکے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کردیا۔

پاکستان میں خواجہ سرا کے حقوق کی سرگرم کارکن، سیاستدان اور سماجی رہنما نایاب علی نے تھائی لینڈ میں ہر سال ہونے والے ’ہیرو ایوارڈز‘ میں ایوارڈ جیت کر ایک اور اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

اس سے قبل خواجہ سراؤں کی بہبود، حقوق، انصاف اور قانون سازی کے لیے کی جانے والی کوشش کے اعتراف میں نایاب کو عالمی ایوارڈ ’ دی گالاز‘ سے نوازا گیا تھا۔

’ہیرو ایوارڈز‘ تھائی لینڈ کی خواجہ سرا افراد کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی جانب سے ہر سال دیا جاتا ہے۔

'ہیرو ایوارڈز' کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا یہ ایوارڈ ایسے خواجہ سراؤں کو کو دیا جاتا ہے جو دیگر سماجی مسائل کو حل کرنے کے لیے کردار ادا کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر نایاب نے آن لائن منعقد ہونے والے ایوارڈ شو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ بہت زیادہ جذباتی ہوگئی ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کی بے حد شکرگزار ہیں جو عالمی سطح پر ایشیا کا سب سے بڑا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہوں۔

خیال رہے کہ ’ہیرو ایوارڈز‘ صرف ایشیائی ممالک کے خواجہ سرا افراد کو دیا جاتا ہے۔

’ٹرانس جینڈر ہیرو ایوارڈز‘ کے لیے ایشیا سے تین خواجہ سرا شارٹ لسٹ ہوئے تھے، جن میں نایاب علی کے ساتھ پاکستانی مخنث جنت علی بھی شامل تھیں جبکہ ایک خواجہ سرا انڈونیشیا سے شارٹ لسٹ ہوا۔

رواں برس ’ٹرانس جینڈر ہیرو ایوارڈ‘ پاکستانی سماجی کارکن نایاب علی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں۔

واضح رہے کہ سماجی کاموں میں متحرک نایاب علی نے ٹرانسجینڈر رائٹس پروٹیکشن ایکٹ، ٹرانسجینڈر رائٹس ویلفیئر پالیسی منظور کروانے سمیت دیگر اہم کام کئے۔

نایاب نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں کمپنی رجسٹرڈ کرائی ہے جس کا نام ٹرانس جینڈر رائٹس کنسلٹنٹ ہے۔

2017 میں پاکستان کا پہلا ٹرانسجینڈر اسکول اوکاڑہ میں بنانا انہی کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہی نہیں بلکہ نایاب اسلام آباد پولیس کے لیے بھی ایک پالیسی ترتیب دے چکی ہیں جس میں انہوں نے عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کے حوالے سے طریقہ کار واضح کیا۔

کچھ عرصہ قبل نایاب پر نامعلوم افراد نے تیزاب سے حملہ بھی کیا تھا ، اس واقعے میں ان کا چہرہ پوری طرح محفوظ رہا تاہم گردن تیزاب سے جھلس گئی تھی۔

نایاب پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ہیں جنہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی پارٹی کے ٹکٹ پر اپنے شہر اوکاڑہ سے 2018 میں الیکشن بھی لڑا۔ الیکشن میں وہ 1197 ووٹ لینے میں کامیاب رہیں۔