دنیائے کرکٹ میں کم عمر ترین کرکٹر ہونے کا اعزاز پاکستانی کے نام

November 30, 2020

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی 15 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے کی پالیسی کے بعد دنیائے کرکٹ میں کم عمر ترین کرکٹر کا اعزاز پاکستان کے حسن رضا نے اپنے نام کرلیا ہے۔

1996 سے 2005 کے درمیان 7 ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچ کھیلنے والے پاکستانی کرکٹر حسن رضا کے پاس سب سے کم عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا ریکارڈ ہے۔

11 مارچ 1982 کو پیدا ہونے والے دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 14 سال 227 دن کی عمر میں کیا تھا۔

اب 24 برس بعد حسن نے بین الاقوامی سطح پر کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا منفرد اعزاز اپنے نام کیا ہے جو مستقبل میں شاید ہی ان سے اب کوئی چھین سکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے عمر کی پالیسی متعارف کرائی گئی جس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے اہل ہونے کیلئے کرکٹر کی عمر کم از کم 15 سال ہونا ضروری ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے کم سے کم عمر کی پابندیاں متعارف کرانے کی تصدیق کی گئی ہے جس کا اطلاق آئی سی سی ایونٹ، باہمی کرکٹ اور U19 کرکٹ سمیت تمام کرکٹ میں ہوگا۔

یہ اصول مردوں، خواتین اور انڈر 19 کرکٹ میں ہر ایک کیلئے لاگو ہوگا۔ اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کی عمر سے متعلق کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔