ثناء خان کے شوہر نے اُن کے نکاح کی ویڈیو شیئر کردی

December 01, 2020

حال ہی میں سابقہ بالی ووڈ اداکارہ ثناء خان کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے مفتی انس نے اپنے نکاح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مفتی انس نے اپنے اور سابقہ بالی ووڈ اداکارہ ثناء خان کے نکاح کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قاضی اس نوبیہاتے جوڑے کا نکاح پڑھا رہے ہیں۔


انسٹاگرام پر نکاح کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مفتی انس نے کہا کہ ’حضرت محمدﷺ کی سُنت کے مطابق ہمارا نکاح بعد نمازِ جمعہ مسجد میں پڑھایا گیا۔‘

مفتی انس نےکہا کہ ’مولانا احمد لت صاحب نے مولانا کلیم صدیقی کی موجودگی میں ہمارا نکاح پڑھایا۔‘

ثناء خان اور مفتی انس کے نکاح کی ویڈیو دیکھ کر صارفین اُن کی نئی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ صرف ایک دن میں مفتی انس کی پوسٹ پر پانچ لاکھ سے زائد ویوز آچکے ہیں۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے گزشتہ دنوں ہی بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس نامی شخص سے شادی کی ہے۔

بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے گزشتہ ماہ اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔

ثناء خان نے ماڈلنگ، ڈانس اور اداکاری سے بالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے سال 2012ء کے بگ باس سیزن 6 میں بھی حصہ لیا تھا جہاں سے اُنہیں شہرت ملی تھی۔