ہم کاون کو وہ گھر نہ دے سکے جس کا وہ حقدار تھا، شنیرا اکرم

December 01, 2020

معاشرتی مسائل پر ہمیشہ اپنی آواز بلند کرنے والی معروف سماجی کارکن شنیرا اکرم کا کہنا ہے کہ ہم کاون کو وہ گھر نہ دے سکے جس کا وہ حقدار تھا۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے 35 سال بعد اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر سے کمبوڈیا جانے والے کاون ہاتھی کے لیے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔

شنیرا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میںکاون کو الوداع کہتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں افسوس ہے کہ ہم آپ کو وہ گھر نہیں دے سکے جس کے آپ حقدار تھے۔‘

وسیم اکرم کی اہلیہ نے کہا کہ ’ہم اُمید کرتے ہیں کہ آپ کو کمبوڈیا میں اپنی نئی زندگی میں محبت اور خوشی ملے گی۔‘

شنیرا نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ FarewellKaavan یعنی الوداع کاون بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان سے کاون ہاتھی کو کمبوڈیا پہنچا دیا گیا جہاں امریکی گلوکارہ شیئر سمیت بڑی تعداد میں افراد نے کاون کا استقبال کیا۔

کمبوڈیا کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے کے مطابق پاکستان سے روانہ کیا گیا 35 سالہ کاون ہاتھی کمبوڈیا پہنچ گیا جہاں اُس کا گلوکارہ شئیر سمیت بڑی تعداد میں افراد نے والہانہ استقبال کیا گیا۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق کمبوڈیا حکومت کی وائلڈ لائف ٹیم نے کاون ہاتھی کا استقبال کیا۔