ڈرگز کیس کا سامنا کرنے والی ریا نے کترینہ، سارہ کو پیچھے چھوڑ دیا

December 01, 2020

حالی ہی میں بالی ووڈ ڈرگز کیس میں گرفتار اور پھر ضمانت پر رہا ہونے والی ریا چکرورتی نے سرچ انجن کی شہرت میں کترینہ کیف، دیپیکا پڈوکون، سارہ علی خان اور سنی لیون جیسی اسٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

سرچ انجن یاہو نے سال 2020 میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی بالی ووڈ اداکاراؤں کی فہرست جاری کردی۔

اس فہرست میں بالی ووڈ اداکاراؤں میں بڑے نام کترینہ کیف، سارہ علی خان، پریانکا چوپڑا اور دیپیکا پڈوکون بھی ٹاپ پوزیشن لینے میں ناکام رہی ہیں۔

اس فہرست میں رواں برس ڈرگز اسکینڈل میں گرفتار اور پھر ضمانت پر رہا ہونے والی اداکارہ ریا چکرورتی صف اول ہیں۔

یاہو کا کہنا ہے کہ رواں برس اس کے سرچ انجن میں جس اداکارہ کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا وہ ریا چکرورتی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں برس جون میں سوشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں اسے خودکشی قرار دیا تھا اور پھر جب تحقیقاتی اداروں نے اس کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھایا تو وہ بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا تک جاپہنچا۔

اسی دوران ریا چکرورتی بھی ڈرگز کے استعمال اور سوشانت سنگھ راجپوت کو مبینہ طور پر ڈرگز کا عادی بنانے کے الزام میں گرفتار ہوئی تھیں۔

ریا اسی دوران خبروں میں رہیں اور انھیں سرچ انجز پر زیادہ سے زیادہ سرچ کیا جاتا رہا۔

سب سے زیادہ یاہو سرچ میں آنے والی اداکاراؤں میں کنگنا رناؤت دوسرے، دیپیکا پڈوکون تیسرے، سنی لیون چوتھے، پریانکا چوپڑا جونز پانچویں، کترینہ کیف چھٹے، نیہا ککڑ ساتویں، کنیکا کپور آٹھویں، کرینہ کپور نویں اور سارہ علی خان دسویں نمبر پر ہیں۔