دکاندار کے قتل کے ملزم کو سزائے موت، دوسرے کو عمر قید

December 02, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی چوہدری محمد طارق جاوید نے ڈکیتی کے دوران دکاندار کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ایک ملزم کو سزائے موت، دوسرے کو عمر قید اور 26سال قید کی سزا سنادی۔رواں برس پانچ جنوری کو تھانہ گنج منڈی میں درج رپورٹ کے مطابق پشاور کے رہائشی رحمت اللہ اور افغانستان کے رہائشی اختر علی نے رات سات بجکر چالیس منٹ پر موہن پورہ میں ایک جنرل سٹور پر ڈکیتی کی اور فرار ہوتے وقت نوجوان دکاندار نوید اکرم کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس نے پانچ روز بعد دس جنوری کو دونوں ملزم گرفتار کر لئے ، گزشتہ روز عدالت نے گولی چلانے والے رحمت اللہ کو سزائے موت اور اختر علی کو عمر قید کے علاوہ دونوں کو ڈکیتی کے جرم میں دس دس برس اور لوٹا سامان برآمد ہونے کے جرم میں تین تین سال قید دینے کا حکم دیدیا۔