انوکھی واردات، ڈاکو بینک سے لوٹی رقم سڑک پر چھوڑ کر فرار

December 02, 2020

برازیل میں ڈکیتی کی واردات میں ایک ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب بھاری اسلحے سے پولیس کا مقابلہ کرنے والے ڈاکو لوٹا ہوا مال ہی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

برازیل کے جنوبی شہر کرائیسیوما کے ایک بینک میں نقب زنی کی واردات کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری بینک پہنچی تاہم انہیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈکیٹی کی وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں ہولناک مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔ بینک کے تجوریاں خالی کرنےو الے ان نقب زنوں نے پولیس کے خلاف خود کار ہتھیار استعمال کیے، ایک ٹرک کو دھماکے سے اُڑا دیا اور فرار کا راستہ حاصل کرنے کے لیے کئی راہ چلتے افراد کو یرغمال بنا کر پولیس کی گرفت سے نکلنے کے لیے جاں توڑ کوشش کی۔

ملزمان کی جانب سے کیے گئے دھماکے کے نتیجے میں نقد رقم کو نقصان بھی پہنچا اور کرنسی نوٹوں کے پرزے سڑک پر بکھر گئے۔

پولیس سے اس شدید مقابلے کے دوران یہ چور اپنی جان تو بچانے میں کام یاب ہوگئے لیکن بینک سے نقد رقم کی گڈیاں سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ شہریوں نے سڑک پر موجود گڈیوں اور بکھرے نوٹوں سے خوب انصاف کیا اور جس کے ہاتھ جو اور جتنا لگا ، لے کر چلتا بنا۔