آصف غفور کی سالگرہ ٹرینڈ کرنے لگی

December 02, 2020

سابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) آصف غفور کی سالگرہ اس بار بھی ٹوئٹر پر ٹرینڈ میں موجود ہے، صارف اپنے پسندیدہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی سالگرہ پر پیغامات شیئر کررہے ہیں۔

آصف غفور کی سالگرہ کی مناسبت سے بنائے گئے ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے صارفین انہیں مبارکباد کے ساتھ نیک تمناؤں کے پیغامات شیئر کررہے ہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے سے ہٹنے کے باوجود بھی صارفین آصف غفور کو ٹرینڈ میں لانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔

آصف غفور بطور ڈی جی آئی ایس پی آر تعیناتی کے دوران ٹوئٹر پر کافی متحرک رہتے تھے، صارفین کے سوالوں کے جوابات بھی دیتے تھے تاہم اب عہدے سے سبکدوشی کے بعد سے وہ سوشل میڈیا پر خاموش ہی دکھائی دیتے ہیں۔

کچھ دن قبل آصف غفور کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملنے پر بھی اُن کے مداحوں نے مبارکباد کے سلسلے کا تانتا باندھ دیا تھا۔

جس کا جواب انہوں نے اپنی ڈی پی میں ’تھینک یو‘ لکھ کر دیا تھا۔

آصف غفور کے اکاؤنٹ سے آخری ٹوئٹ 16 جنوری کو سامنے آیا تھا جب انہیں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی سربراہی سے ہٹا کر جنرل کمانڈنگ آفیسر (جی او سی) اوکاڑہ لگایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ آصف غفور نے کوئٹہ کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے گریجویٹ کیا اور بعد ازاں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج بنڈونگ (انڈونیشیا) اور اسلام آباد کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے ڈگریاں حاصل کیں۔ ایم اے کی ڈگری کا مضمونِ خاص اسٹریٹجک اسٹڈیز تھا۔

وہ ستمبر 1988 کو پاک فوج میں شامل ہوئے تھے ۔انہیں ہلال امتیاز ملٹری کا ایوارڈ بھی مل چکاہے۔

آصف غفور کی سالگرہ پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد انہیں سالگرہ کی مبارکباد دے رہی ہے۔