نیا سماں ہے، نیا اِک جہاں ہے اور ہم ہیں...

December 06, 2020

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈلز: علیزے اور نور خان

ملبوسات: تسنیم صدف

زیورات: ہائی فیشن ڈیزائن ،کلفٹن،کراچی

آرایش: روز بیوٹی پارلر اورروز مین سیلون

عکّاسی: ایس ایم ریاض

لے آؤٹ: نوید رشید

اِن دِنوں سرما کے ساتھ شادی بیاہ کا سیزن بھی عروج پر ہے، لیکن یہ تقریبات ایس او پیز پر عمل کے ساتھ انجام پارہی ہیں۔تو لیجیے، موسم اور ماحول کی مناسبت سے ہم نے بھی اپنی بزم دولھا، دلہن کے مایوں، منہدی سے لےکر ولیمے تک کے ملبوسات سے مرصّع کردی ہے۔

آج کل مایوں اور منہدی کے فنکشنز ایک ساتھ ہی منعقد کیے جارہے ہیں، تو ذرا دیکھیے، دلہن کی گہرے سبز رنگ بنارسی اسٹریٹ ٹراؤزر کے ساتھ شوخ پیلے رنگ کی گوٹا، نگینہ ورک سے آراستہ قمیص کس قدر حسین لگ رہی ہے، تو بھرے بھرے دوپٹے اور بھاری زیورات کے بھی کیا ہی کہنے۔جب کہ دولھا کے لیے سفید کُرتے پاجامے کے ساتھ سیلف پرنٹڈ گہرے زرد رنگ کے ویسٹ کوٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اسی طرح عروسی ملبوسات کا انتخاب بھی لاجواب ہے۔ دلہن کے لیے عناّبی اور اسکن رنگوں کے حسین و دِل کش امتزاج میں شرارے کے ساتھ درمیانی لمبائی کی قمیص ہے۔ ویلویٹ کے عنّابی رنگ پلین شرارے پر نگوں کی آرایش ہے، تو کنٹراسٹ میں اسکن رنگ بھاری کام دار قمیص اور میسوری کا پلین دوپٹّا ہے، جب کہ زیورات نے تو لباس کی شان کچھ اور بھی بڑھا دی ہے، جب کہ دولھے کے لیے سیاہ رنگ کُرتے پاجامے کے ساتھ لائٹ گولڈن شیروانی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ولیمے کے لیے دولھا نے بلیو کے شیڈ میں چیک پرنٹڈ تِھری پیس سُوٹ منتخب کیا ہے، تو نئی نویلی دلہن نے فون رنگ بھاری کام دار غرارے اور قدرے چھوٹی گھیر دار فراک زیبِ تن کررکھی ہے۔

ہمارے انتخاب میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں،دل بے اختیار جھوم اُٹھے گا ؎ نیا سماں ہے،نیا اِک جہاں ہے اور ہم ہیں۔