برازیل میں فلمی انداز میں بینک ڈکیتی، ویڈیو وائرل

December 02, 2020


فلموں میں دکھائی دینے والے کردار تو افسانوی ہوتے ہی ہیں تاہم ان میں دکھائی دیے جانے والے مناظر اور ایکشن بھی حقیقی زندگی سے دور ہی دکھائی دیتے ہیں۔

لیکن برازیل میں جرائم پیشہ عناصر نے ان فلموں میں دیکھائی دیئے جانے والے مناظر کو حقیقی انداز میں ڈھال دیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برازیل کے جنوبی شہر میں کریسیوما میں ڈاکؤوں نے بینک لوٹا، پولیس سے مڈبھیڑ ہوئی اور دھماکا ہوا اور سڑکوں پر کرنسی نوٹ بکھر گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں شدید فائرنگ بھی ہوئی تاہم ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم ان کی شناخت سامنے نہیں آسکی۔

اس بینک دکیٹی کے بعد مقامی افراد اپنے اپنے گھروں سے نکل آئے اور سڑکوں پر موجود پیسہ اٹھانے لگے۔

عین اسی وقت شہر کے میئر کلاسیو سلوارو نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انھوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ گھروں میں رہیں اور کورونا وائرس سے متعلق تمام عملی احتیاط اپنائیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے اس بینک ڈکیتی کو فلمی انداز کی بینک رابری قرار دیتے ہوئے اسے ہسپانوی سیریز ’منی ہیسٹ‘ سے تشبیہ دی۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ بینک ڈکیتی اور پھر پولیس سے بچنے کا منظر بھارتی فلم دھوم تھری میں بھی دکھایا گیا تھا۔