کورونا کے باعث بولی وڈ اسٹارز کی خواتین باڈی گارڈز مشکلات کا شکار

December 03, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ ستارے جب بھی اپنے گھروں سے باہر نکلتے ہیں یا اپنی فلموں کی شوٹنگ یا تشہیر، ایوارڈز کی تقریبات، شادیوں یا پارٹیوں میں جاتے ہیں تو وہ کبھی تنہا نہیں دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے ساتھ اکثر ان کے مستعد باڈی گارڈ یا محافظ ہوتے ہیں۔اکثر اوقات یہ دیکھا جاتا ہے کہ جیسے ہی یہ ستارے عوامی مقامات پر پہنچتے ہیں تو لوگوں کا ہجوم ان پر ٹوٹ پڑتا ہے اور فنکاروں کو محفوظ رکھنے اور اسی ہجوم سے ان کی حفاظت کرنا ان محافظوں یا باڈی گارڈز کا کام ہوتا ہے جو ان کے ساتھ ہوتے ہیں۔اس کام کے لیے اکثر مرد باڈی گارڈز ہی ہوتے ہیں لیکن گذشتہ کچھ عرصے سے خواتین کو بھی اس شعبے میں کام ملنا شروع ہو گیا ہے اور اب فلمی ستاروں کے پیچھے صرف مرد باڈی گارڈ ہی نظر نہیں آتے ہیں۔بولی وڈ میں اب دھیرے دھیرے خواتین باڈی گارڈز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن کورونا کی وبا اور اس کے نتیجے میں نافذ کیے جانے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان خواتین باڈی گارڈز کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ کورونا کی وبا کے شروع ہونے کے بعد اپریل کے مہینے سے بولی وڈ کی بیشتر فلموں کی عکس بندی منسوخ کر دی گئی تھی اور مشکل سے ہی سنیما گھروں میں کوئی فلم ریلیز ہوئی ہے۔ لیکن اب گزشتہ دو ماہ قبل جب سے حکومت نے سنیما گھروں کو کھولنے کا اعلان کیا ہے اور فلموں کے سیٹس پر رونق دھیرے دھیرے بحال ہو رہی ہے۔فلموں کی عکس بندی دوبارہ بھلے ہی شروع ہو چکی ہے لیکن اشتہاری تقریبات کا اہتمام ابھی بھی نہیں ہو رہا ہے۔