پابندی کے باوجود نجی سکول کھلنے،بغیر یونیفارم طلباء کو بلانے کی اطلاعات

December 03, 2020

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) حکومت کی طرف سے پابندی کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں نجی سکول کھلے ہیں اور بچوں کو بغیر یونیفارم بلایا جارہا ہے مگر ضلعی انتظامیہ خاموش ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض بڑے سکول اساتذہ کو روز بلا رہے ہیں مگر کلاسز نہیں ہو رہیں۔ اس طرح محلوں میں کھلے سکول بھی ضلعی انتظامیہ کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ والدین کا مؤقف ہےکہ بچوں کو امتحانات کے چکر میں بلا کر 2 ماہ کی فیس طلب کی جارہی ہے جبکہ سکول مالکان کا مؤقف ہے کہ امتحانات ہو رہے ہیں اور فیس بھی وصول کرنی ہے۔ یاد رہے کہ اس دفعہ حکومت نے فیس میں بھی کوئی رعایت نہیں دی، طلبا کو دو ماہ کی یکمشت فیس کیلئے سکول کھولنا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہے۔ نصیر آباد ،مسلم ٹائون پیرودھائی اور دیگر گنجان آباد علاقوں میں چھوٹے سکول کھلے ہیں جبکہ بڑے نجی تعلیمی اداروں نے اساتذہ کو روزانہ حاضری کا پابند بنا رکھا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اساتذہ کا اس طرح روز اکٹھا ہونا بھی ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی ہے ،ضلعی انتظامیہ اس کا نوٹس لے۔