نومسلم یوٹیوبر پاکستان کی محبت میں گرفتار

December 03, 2020

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے نومسلم یوٹیوبر جے جورج ولیم پلفری المعروف جے پلفری پاکستان کے خوبصورت نظاروں اور مہمان نواز لوگوں کی محبت میں گرفتار ہوگئے۔

جے پلفری نے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اپنے وی لاگ کا آغاز ہی لاہور کی بادشاہی مسجد کے نظاروں سے کیا اور کہا کہ ’پاکستان، آپ لوگوں نے اس کے بارے میں بہت کچھ ایسا ویسا سُنا ہوگا لیکن یقین مانیے وہ سب درست نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پہاڑ، سمندر، دریاؤں، صحرا، ثقافت، تاریخ، مزیداروں کھانوں اور مہمان نواز لوگوں کی سرزمین پاکستان کا سفر میں اپنی زندگی میں کبھی فراموش نہیں کر سکوں گا۔‘

اپنے وی لاگز میں انہوں نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات سمیت اُن تمام مقامات کی سیر کروائی جہاں وہ اب تک جاچکے ہیں۔


جے پلفری پاکستان کی لوک موسیقی کو بھی سراہنا نہ بھولے اور رباب کی دھن سے متاثر دکھائی دیے۔

غیر ملکی یوٹیوبر پاکستان کے اسٹریٹ فوڈ بالخصوص بریانی اور چائے سے بھی خوب لطف اندوز ہوئے۔

خیال رہے کہ رواں برس ستمبر میں جے پلفری نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

نو مسلم یوٹیوبر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’میں مسلمان ہوگیا‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ میں یہ کسی کے ساتھ شیئر کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا لیکن میرے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے سفر سے بہت سے لوگ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

جے پلفری نے کہا کہ ’میرے لیے یہ ضروری ہے کہ میں اسلام کا پیغام سب کے سامنے لاؤں جو واحدانیت، محبت اور امن کا پیغام ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ کچھ روز قبل انہوں نے تُرکی کی سلیمانیہ مسجد کا دورہ کیا اور آخر کار اپنی زندگی کا سب سے بڑا اور اہم قدم اُٹھانے کا فیصلہ کیا۔

07 منٹ اور 25 سیکنڈ پر مبنی ویڈیو میں انہیں استنبول کی سلیمانیہ مسجد میں کلمہ شہادت پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

جے پلفری نے کہا کہ دنیا بھر میں گھومنے پھرنے کے دوران میں نے حیرت انگیز لوگوں سے ملاقات کی، اپنے اس مستقل سفر کے دوران میں نے بہت کچھ سیکھا اور تجربہ حاصل لیکن اس کے ساتھ ہی مجھے روحانی وجود کو سمجھنے کا موقع بھی ملا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک میں رہتے ہوئے مجھے اسلام کی سچائی کا بھی اندازہ ہوا جو انتہائی خوبصورت، پُرامن لیکن سب سے زیادہ غلط فہمی کا شکار مذہب ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کو سمجھنے کے بعد مجھے یہ احساس ہوا کہ اسلام ہی وہ راستہ ہے جس کی مجھے برسوں سے تلاش تھی۔

یوٹیوبر نے کہا کہ دنیا بھر میں بہت سارے لوگ آج بھی اسلام کی اصل بنیادوں پر تنقید اور غلط فہمی رکھتے ہیں جبکہ اسلام امن ، یکجہتی، اتحاد اور محبت کا درس دینے والا مذہب ہے۔

اپنے پیغام کے آخر میں جے پلفری نے تمام چاہنے والوں اور حمایت کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ یہ پہلے وی لاگر نہیں جو پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والےمعروف وی لاگر خالد العامری، ٹریول وی لاگر ایوا زوبیک، معروف یوٹیوبر کارل راک، اُن کی اہلیہ اور بھارتی وی لاگر منیشا، لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والی ٹریول وی لاگر ایلین تامیر سمیت دیگر بھی پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے وی لاگز شیئر کرتے رہے ہیں۔