گلین میگراتھ کی 5 بہترین بولرز کی فہرست میں وسیم اکرم بھی شامل

December 03, 2020

سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین میگراتھ نے ایک روزہ میچوں کے 5 بہترین بولرز کی فہرست میں وسیم اکرم کو شامل کرلیا۔

بدھ کو اوول میں آسٹریلیا اور بھارت کے مابین تیسرے ایک روزہ میچ سے پہلے بات کرتے ہوئے میگراتھ نے اپنے بہترین بولرز کی فہرست سامنے رکھی۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 502 وکٹیں حاصل کرنے والے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو میگراتھ نے اپنی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا ہے۔

سابق آسٹریلوی کھلاڑی نے ہم وطن بریٹ لی کو بھی اپنی بہترین بولرز کی فہرست میں شامل کیا، بریٹ لی اپنے دور کے تیز ترین بولرز میں سے ایک جانے جاتے ہیں۔

میگراتھ کی بہترین بولرز کی فہرست میں سری لنکا کے چمندا واس بھی موجودہیں جنہوں نے 2003 کے ورلڈ کپ کے پہلے اوور میں بنگلہ دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔

میگراتھ نے بہترین باؤلرز کی فہرست میں اپنے دور کے بہترین اور شہرہ آفاق بولرز سری لنکا کے سابق سپنر مرلی دھرن اور جنوبی افریقہ کے شان پولاک کو بھی شامل کیا۔