عمران خان کا تجویز کردہ ’راہِ عشق‘ کب نشر کیا جائے گا؟

December 03, 2020

عمران خان کی تجویز کردہ ایک اور تُرک سیریز ’یونس ایمرے‘ سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کی جارہی ہے۔

سرکاری ٹی وی پر ترک سیریز ’یونس ایمرے‘ کی اردو ڈبنگ کو’راہ عشق‘ کے نام سے ہر پیر اور منگل شام 7 بجے نشر کیا جارہا ہے۔

پی ٹی وی کی جانب سے ڈرامے کا او ایس ٹی بھی جاری کیا گیا ہے جو بلھے شاہ کے کلام پر مبنی ہے اور اسے پاکستان کے معروف گلوکار ابرار الحق نے پڑھا ہے۔

’یونس ایمرے‘ کو ترکی کے سرکاری ٹی وی چینل ٹی آر ٹی ون پر نشر کیا گیا تھا اور اس ڈرامے کا پہلا سیزن 2015 جبکہ دوسرا سیزن 2016 میں نشر کیا گیا تھا اور ڈرامے کی مجموعی طور پر 44 اقساط ہیں۔

خیال رہے کہ اسلامی فتوحات پر مبنی ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی وی پر نشر کیا گیا اور ان دنوں اس ڈرامے کا دوسرا سیزن نشر کیا جارہا ہے۔

’یونس ایمرے‘ ڈرامہ دراصل 13 ویں صدی کے ترک صوفی شاعر یونس ایمرے کی زندگی پر بنایا گیا ہے۔

یونس ایمرے کو ترکوں کے صوفی شاعر اور اہم ادبی اوائلی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے اور ترک کی نئی نسل بھی ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔

انہی کی زندگی اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے محمد بوزداغ نے ان کی زندگی پر ’یونس ایمرے‘ نامی ڈرامہ بنایا جو دیکھتے ہی دیکھتے ترکی میں مشہور ہوگیا۔