وزیراعظم عمران خان کو برطانوی شہزادہ چارلس کا ٹیلیفون

December 03, 2020


پرنس آف ویلز برطانوی شہزادہ چارلس نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے پاک برطانیہ قریبی اور منفرد تعلقات کے عزم کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق شہزادہ چارلس نے پاکستان میں کورونا سے ہونےوالی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا، برطانیہ کورونا وبا کے دوران پاکستان کو ضروری امداد فراہم کررہا ہے۔

عمران خان اور شہزادہ چارلس کا عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں عالمی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا، بالخصوص موسمیاتی تبدیلی اور ماحول کے تحفظ کی عالمی تعاون کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اعلامیہ میںکہا گیا کہ برطانیہ موسمیاتی تبدیلی پر عالمی کانفرنس سی او پی 26 کی میزبانی کررہا ہے، شہزادہ چارلس نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے نمٹنے میں پاکستان کے عزم کا خیرمقدم کیا۔

شہزادہ چارلس نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے استعمال کے لیے برطانوی تعاون کا اعادہ بھی کیا۔