یہ ’’ماسک‘‘ کا کمال ہے

December 04, 2020

ایمان فاطمہ

چہرے کو شگفتہ اور جھریوں سے پاک رکھنے کے لیے ماسک ضرور لگائیں ۔یہ آپ کی جلد کو نرم ،جوان اور ترو تازہ بھی رکھے گا ۔جلد کی مختلف اقسام کے لیے مختلف ماسک استعمال کیے جاتے ہیں لیکن ضروری نہیںکہ آپ کے چہرے کی جلد مکمل طور پر یکساں ہو ۔زیادہ تر خواتین ملی جلی جلد کی حامل ہوتی ہیں یعنی ان کی جلد کچھ خشک اور کچھ چکنی ہوتی ہے ۔ایسی صورت میں کسی ایک قسم کاماسک کافی نہیں ہوگابلکہ آپ کو دو الگ الگ ماسک کا انتخاب کرنا پڑے گا ۔

انتخاب کرتے وقت موسم کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے ۔سردی اور گرمی دونوں میں ایک ہی قسم کاماسک استعمال کرنا درست نہیں، کیوں کہ موسم اور آب وہوا کا فرق چہرے پر مختلف اثرات مرتب کرتا ہے ۔عموماً سردی میں ایسا ماسک مناسب ہوتا ہے جو جلد کو نرم وملائم بنائے ۔سردیوں میں جلد خشک ہونے لگتی ہے اس لیے جلد کو اضافی نمی کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ گرمی میں ایسے ماسک کی ضرورت ہوتی ہے جو جلد کو ٹھنڈک پہنچانے کی خاصیت رکھتا اور ٹوئنگ ٹائپ ہو ۔اس ہفتے ہم آپ کو مختلف ماسک بنانے کے طریقے بتا رہے ہیں ۔انہیں بناکر استعمال کریں ،پھر دیکھیں بازار سے خریدے ہوئے ماسک اور گھریلو ماسک میں واضح فرق ۔

فیس ماسک کی تیاری

ماسک کے لیے اپنے باورچی خانے کا جائزہ لینا ہوگا ،شاید آپ کو فیس ماسک بنانے کے تمام اجزاء گھر میں ہی مل جائیں ۔گھر میں بنایا جانے والا فیس ماسک ہر قسم کی جلد کی حامل خواتین کے لیے موزوں ہوتا ہے لیکن اسے فوراً استعمال کرنا پڑتا ہے ،کچھ دیر بعد ہر گز استعمال نہ کریں ۔

شہد اور جو کا آٹا

انڈے کی زردی ایک عدد ،زیتون کا تیل ایک چائے کا چمچہ ،لیموں کا عرق تین یا چار قطرے ،شہد ایک چوتھائی کھانے کا چمچہ ،جو کا آٹا ڈیڑھ چائے کا چمچہ ،سوکھا دودھ آدھا کھانے کاچمچہ ۔تمام اجزاء کو ملا کر پھینٹ لیں ،پھر اسے ایک انگلی کی مدد سے چہرے پر لگائیں ،اگر آپ کی جلد خشک ہے تو 10 منٹ تک اور چکنی ہے تو 15 منٹ تک لگائیں ،بعدازاںنیم گرم پانی سے دھولیں آخر میں ٹھنڈے پانی کے چھپکے مار کے کاٹن پیڈ سے خشک کرلیں ۔

چکنی مٹی کا ماسک

چکنی مٹی کاماسک چکنی جلد کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے ۔یہ جلد پر لگانے کے بعد خشک ہوکر تھوڑا ساسخت ہوجاتا ہے ،اس دوران یہ جلد کی اضافی یا زائد چکنائی کو جذب کرتا اور جلد کے دیگرنقائص کو بھی دور کرتاہے ۔نیز زائد تیل اور میل کچیل بھی چہرے سے صاف ہوجاتا ہے ۔اس ماسک کے خشک ہونے کی بدولت اسےگردن اور آنکھوں کے گرد حساس جلد پر نہیں لگانا چاہیے اورہفتے میں ایک سے زائد مرتبہ بھی نہیںلگانا چاہیے، اگر آپ اسے زیادہ استعمال کریں گی تو یہ جلد کو بہت زیادہ خشک کرکے خراب کردے گا اور جلد کی وہ نمی بھی ختم ہوجائے گی، جو آپ کے جلد کی ضرورت ہے ۔

جیل ماسک

یہ ماسک چکنی جلد سے لے کر خشک اور نارمل تینوں اقسام کی جلد کے لیے ہے ۔یہ جلد کو شگفتہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ،کیوں کہ جب اسے صاف کیا جاتا ہے توا س کے ساتھ ساتھ جلد مردہ سطح بھی چہرے سے الگ ہوجاتی ہے اور نئی جلد نکل آتی ہے ،جس کی وجہ سے چہرہ نکھرا نکھرا اورترو تازہ ہو جاتا ہے لیکن اس ماسک کو ہر گز آنکھوں کے اردگرد نہیں لگائیں،کیوں کہ جیل جب چہرے پر سے صاف کی جاتی ہے تو یہ جلد کو کھینچتی ہے اسی لیے اسے استعمال کرتے وقت احتیاط کرنی چاہیے اور اس کی زیادہ موٹی تہہ نہیں ہونی چاہیے ۔جیل ماسک کا انتخاب آپ اپنی جلد کے لحاظ سے کریں۔ یہ دیکھیں کہ اس میںکون سے اجزاء استعمال کیے گئے ہیں جہاں تک رنگ کا تعلق ہے تو یہ اکثر شفاف ہوتے ہیں ۔