بلوچستان کا خوب صورت مقام پیر غائب توجہ کا مرکز

December 03, 2020

بلوچستان اپنے محل وقوع اور خوبصورت قدرتی مناظر کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل صوبہ ہے، انہی میں ایک مقام بولان کے علاقے میں پیرغائب بھی ہے، حالیہ تزئین نو سے اس مقام کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

کوئٹہ سے سبی جاتے ہوئے تقریباً 90 کلومیٹر کی دوری پر توبہ کاکڑ کی پہاڑی رینج میں واقع وادی بولان میں پر فضا سیاحتی مقام پیر غائب سیاحت کے شوقین افراد کے لئے راحت کی بڑی جگہ ہے۔

یہ مقام پہاڑوں میں گھرے کھجور اور شینے سمیت مختلف درختوں اور جڑی بوٹیوں سے اٹے سرسبز مقام قدرتی چھوٹی بڑی آبشاروں اور ان سے جنم لینے والے چشموں سے مزین ہے کہ جن کا پانی گرمیوں میں قدرتی ٹھنڈا اور سردیوں میں گرم رہتاہے، اس ماحول میں پہنچ کر انسان قدرت کی رعنائیوں میں کھو کر رہ جاتاہے۔

عمومی سہولیات کے فقدان کے پیش نظر فرنٹئیر کور نے کچھ عرصہ قبل حکومت بلوچستان اور سدرن کمانڈ کے تعاون سے اس تفریحی مقام کی تزئین نو کا بیڑہ اٹھایا اور اب اس جگہ پر داخلہ گیٹ، پختہ راستوں، نئی مسجد، پارک، چشمے پر رسی والے پل، فوڈ پوائنٹ سمیت مختلف سہولیات مہیا کردی گئی ہیں۔

جس کا افتتاح حال ہی میں وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف اور آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ کےہمراہ کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اتنے کم عرصے میں کم بجٹ میں اس فیسیلیٹی میں بہتری لانا بہت اچھی بات ہے، یہاں پر تقریباً سال میں ایوریج لاکھ ڈیڑھ لاکھ لوگ ویسے بھی آتے ہیں، اس میں حکومت نے بہتری کی ہے۔

پیر غائب ہو یا بلوچستان کےمختلف علاقوں میں دیگر سیاحتی مقامات وہاں سیاحوں کےلئے ضروری سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے، پیر غائب کی تزئین نو کو مثال بناتے ہوئے دیگر مقامات کی بہتری کے لئے بھی سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔