کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود سہیل تنویر کی وطن واپسی

December 03, 2020

لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں شرکت کے لیے سری لنکا جانے والے سہیل تنویر پہلے کورونا ٹیسٹ کے مثبت آنے اور پھر دوسرے کے منفی آنے کے باوجود وطن واپس آرہے ہیں۔

19 نومبر کو لاہور سے چارٹر طیارے کے ذریعے کولمبو پہنچنے والے سہیل تنویر کا سری لنکا میں کورونا ٹیست مثبت آیا، جس کے بعد انھیں ہمبنٹوٹا میں جاری لنکا پریمیئر لیگ سے قبل آئسولیشن کا سامنا تھا۔

سہیل تنویر نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ انھیں حیرانگی ہے، نا انھیں کسی قسم کی علامات کا سامنا ہے، نا ہی بخار، پھر ان کا کورونا ٹیسٹ کیسے مثبت آگیا۔

البتہ اب اطلاعات ہیں کہ سہیل تنویر جن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے، وہ لنکا پریمیئر لیگ کھیلے بغیر واپس پاکستان آرہے ہیں۔

لنکا پریمیئر لیگ کی ٹیم کینیڈی ٹیکسرز کا حصہ سہیل تنویر کو میڈیکل ٹیم نے احتیاطی طور پر ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔

سہیل تنویر جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز سے نینشل اسٹیڈیم کر اچی میں لاہور قلندرز کے خلاف دوسرا ایلمینٹر کھیلے تھے اب پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس آرہے ہیں۔