73ویں آسکر ایوارڈز 2021 کا میلہ ورچوئل نہیں ہو گا

December 04, 2020

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں سال عالمی وبا کے باعث بہت سے میوزک اور فلم ایوارڈز یا تو تماشائیوں کی موجودگی کے بغیر ہوئے یا پھر آن لائن لیکن فلمی دنیا کا سب سے بڑا میلہ آسکر ایوارڈز 2021 ورچوئل نہیں ہو گا۔برطانوی خبر رساں ادارےنے فلمی میگزین ʼورائٹی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ʼدی اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسزنے 73ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب 25 اپریل 2021 کو شیڈول کی ہے تا کہ موسم بہار میں تھیٹرز دوبارہ کھل جائیں اور زیادہ سے زیادہ فلمیں ایوارڈز کی دوڑ میں شامل ہوسکیں۔اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کے نمائندے کے حوالے سے ʼورائٹی کا کہنا ہے کہ ایوارڈز کی تقریب تماشائیوں کی موجودگی میں منعقد ہو گی۔روایتی طور پر اکیڈمی ایوارڈز تین ہزار 400نشستوں والے لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں ہوتے ہیں لیکن اس مرتبہ کورونا وائرس کی وجہ سے کتنے لوگ تقریب میں شرکت کریں گے؟ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا۔ رپورٹ کے مطابق اکیڈمی کے نمائندوں نے حال ہی میں ڈولبی تھیٹر کا دورہ بھی کیا اور متعدد آپشنز کا جائزہ لیا۔اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز اور والٹ ڈزنی کے مشترکہ براڈ کاسٹر ʼاے بی سی نے اس بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ یا ردِ عمل کا اظہار نہیں کیا۔یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں ہونے والے ʼایمی ایوارڈز کی تقریب ورچوئل ہوئی تھی۔ میزبان جمی کیمل، پروڈکشن اسٹاف اور بہت محدود تعداد میں اسٹارز کو تقریب میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔