کنگنا رناوت کو شاہین باغ کی دادی کا کرارا جواب

December 04, 2020

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے حال ہی میں شاہین باغ کے مظاہرے میں شامل ہونے والی 90 سالہ بلقیس بانو کے ساتھ ایک بزرگ دادی کی تصویر شئیر کر کے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ 100 روپے کے لئے ہر احتجاج میں شامل ہو جاتی ہیں۔ حالانکہ کنگنا نے تصویر میں دونوں بزرگ دادیوں کو بانو ہی بتایا تھا۔ جبکہ اس میں سے ایک بلقیس بانو اور ایک بٹھنڈا کے بہادر گڑھ جاندیاں گاؤں کی رہنے والی موہیندر کور تھیں۔اس کے بعد ٹوئٹر پر کنگنا کے اس دعوے کو لوگوں نے جھوٹا بتانا شروع کر دیا تھا اور کنگنا کودادی سے معافی مانگنے کے لئے بھی کہا گیاتھا۔ بعد ازاں کنگنا کو اپنا یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑا تھا۔ اب اس معاملے میں موہیندر کور نے کنگنا رناوت کو کرارا جواب دیا ہے۔ انڈین ایکسپریس میں شائع ایک خبر کے مطابق، موہیندر کور نے کہا کہ ʼ مجھ سے کسی نے کہا کہ کسی اداکارہ نے ان کے بارے میں ایسا کہا ہے۔ یہ سن کر مجھے بہت برا لگا۔ وہ کبھی میرے گھر نہیں آئی، اسے نہیں پتہ میں کیا کرتی ہوں اور میں 100 روپے کیا کروں گی۔ میں 13ایکڑ زمین کی مالکن ہوں۔ موہیندر نے کہا کہ کھیتی باڑی کرنا بہت مشکل کام ہے۔ اس وجہ سے انہوں نے طے کیا ہے کہ وہ احتجاجی مظاہرے میں شامل ہوا کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ ان میں ابھی اتنی طاقت ہے کہ وہ دلی جا کر بھی احتجاجی مظاہرے میں شامل ہو سکتی ہیں۔ خیال رہے کہ موہیندر کور کی3بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ تینوں بیٹیوں کی شادی ہو چکی ہے اور ان کا لڑکا اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ موہیندر کے ساتھ ہی رہتا ہے۔