سندھ پولیس کی حکومت سے اراضی معاملات سے چھٹکارا دلانے کی درخواست

December 04, 2020

کراچی (امداد سومرو) سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام نے حکومت سندھ سے درخواست کی ہے کہ وہ محکمہ پولیس کو اراضی سے متعلق معاملات سے چھٹکارا دلائے جیسا کہ اس محکمہ کو مذکورہ غیر مجاز کاموں سے نمٹنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ دی نیوز کو دستیاب سرکاری خط و کتابت کی نقل میں صوبائی حکومت کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ اراضی سے متعلق معاملات انسداد تجاوزات فورس کے ذریعہ نمٹائے جائیں جسے دس سال پہلے خاص طور پر مذکورہ مقصد کے لئے قائم کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے سندھ انسپکٹر جنرل مشتاق مہر نے اراضی سے متعلق معاملات سے ان کے ماتحت محکمہ کی علیحدگی کیلئے سندھ کے سیکریٹری داخلہ سے رابطہ کیا ہے۔ اس سے قبل اس سال اگست میں کراچی پولیس چیف ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) غلام نبی میمن نے یہ معاملہ سندھ انسپکٹر جنرل مشتاق مہر کے ساتھ ایک باضابطہ خط میں اٹھایا تھا اور ان سے یہ معاملہ سندھ حکومت کو منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔