فلمی صنعت کی ترقی و بحالی تحریک انصاف حکومت کی ترجیح ہے، شبلی فراز

December 04, 2020

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ فلمی صنعت کی ترقی و بحالی پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز سے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے وزیر اطلاعات کو فلمی صنعت کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فلم سازی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اس ضمن میں حکومت کا تعاون درکار ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ دیگر اداروں کی طرح اس شعبے کو بھی نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا، جو ادارے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کرتے وہ اہمیت کھو دیتے ہیں‘ حکومت فلمی صنعت کے فروغ کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے شعبہ فلم کو مزید فعال اور موثر بنا رہے ہیں ‘وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ فلموں کے ذریعہ اپنی ثقافت اور اقدار کو اجاگر کیا جائے۔