اسلام آباد میں اہلسنت والجماعت کا رہنماء قتل، کارکنوں کا احتجاج

December 04, 2020

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) تھانہ کورال کے علاقے ڈھوک ڈپٹییاں علی پور فراش میں جمعرات کی صبح قاری عثمان نامی شخص کو کوگولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ مقتول عکسی مسجد کے خطیب ، اہلسنت والجماعت زون حسنین کریمینؓ ترلائی کے ذمہ دار اور یونٹ امیر معاویہ ؓ علی پور کے سرپرست بتائے جاتے ہیں جو کریانہ اور دودھ دہی کی دکان بھی کرتے تھے ۔قاری عثمان کو صبح سات بجے نامعلوم شخص نے دکان میں گولی ماری ۔قتل کی اطلاع ملتے ہی اہلسنت والجماعت کے کارکن بڑی تعداد میں جائے وقوعہ اور پمز مردہ خانہ پہنچ گئے اور قتل کے خلاف احتجاج کیا۔نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے سپرد کر دی گئی جو اسے آبائی علاقے بٹ گرام لے گئے ۔ دریں اثناءقاری عثمان کے قتل کا مقدمہ زیر دفعہ 302 /34 درج کر لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشز وقار الدین سید نے مقدمے کی تفتیش کیلئے 6رکنی سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم مقرر کر دی۔ایس پی نعیم ملک ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔