سمال ڈیمز کے زرعی استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے، کمشنر

December 04, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے ایکسین سمال ڈیمز راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ پورے ڈویژن میں موجود سمال ڈیمز کا سروے کریں اور رپورٹ مرتب کریں کہ کون سے سمال ڈیمز زراعت اور پانی کی فراہمی دونوں مقاصد کے لئے استعمال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمال ڈیم صرف واٹر سپلائی کے لئے نہیں بنائے جاتے ہیں بلکہ ان کا اہم حصہ ملحقہ زرعی زمینوں کیلئے پانی کی ضروریات پوری کرنا بھی ہے۔ یہ بات انہوں نے کمشنر آفس میں سمال ڈیمز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں جن سمال ڈیمز کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے یا جن پر کام شروع کیا جا رہا ہے ان کے زرعی استعمال کو یقینی بنایا جائے اور اردگرد موجود زمین کو زرعی مقاصد کے لیے محدود رکھنے کے لئے منصوبہ بندی کی جائے۔