ظفراللّٰہ خان جمالی کی یاد میں ایک پولیس افسر کی پوسٹ

December 04, 2020

پاکستان کے سابق وزیراعظم میر ظفر اللّٰہ خان جمالی تو اب اس دنیا میں نہیں رہے لیکن ان سے ملاقات کرنے والے اور ان کی شخصیت کے گرویدہ لوگ ان سے منسلک یادیں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی زینت بنا رہے ہیں۔

حال ہی میں پولیس افسر انعام وحید نے میر ظفر اللّٰہ خان جمالی کو یاد کرتے ہوئے ماضی میں ان سے مصافحہ کرتے ایک تصویر شیئر کی ہے۔

تصویر کے حوالے سے پولیس افسر انعام وحید نے بتایا کہ تصویر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی نیشنل پولیس اکیڈمی میں 2002 کو کھینچی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ سابق وزیر اعظم میر ظفراللّٰہ جمالی سے اپنے بیچ میں بہترین اے ایس پی کی ٹرافی وصول کررہے ہیں۔

اپنے ٹوئٹ کے آخر میں انہوں نے سابق وزیراعظم کیلئے دعائیہ کلمات بھی لکھے اور کہا کہ آج وضعداری کا ایک دور ختم ہوا، اللّٰہ ان کی مغفرت فرماۓ۔

خیال رہے کہ انعام وحید ایک پولیس افسر کے علاوہ ڈاکٹر، نفسیات دان اور موٹیویشنل اسپیکر بھی ہیں، جن کے ٹوئٹر پر ہزاروں فالوورز ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور بلوچستان کی نامور سیاسی شخصیت میر ظفرﷲ خان جمالی انتقال کر گئے تھے۔ سینیٹر ثناء جمالی نے اپنے نانا اور سابق وزیر اعظم ظفرﷲ جمالی کے انتقال کی تصدیق کی۔

میر ظفرﷲ جمالی گزشتہ کئی دن سے اے ایف آئی سی میں زیر علاج تھے اور گزشتہ 3 دن سے وینٹی لیٹر پر تھے۔