غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف کارروائی ہو گی: وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا

December 04, 2020

وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے ضلع پشاور میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

جاری کیئے گئے بیان میں وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ پشاور میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ زرعی اراضی پر کسی کو بھی ہاؤسنگ کالونی بنانے کی اجازت نہیں، حکومت کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ بنجر اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹی بن سکتی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے مزید کہا کہ صوبے میں کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

محمود خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان اور بلڈرز کے خلاف بھی کارروائی ہو گی، انتقالات بھی بند کر دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں 156 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام کا انکشاف ہوا ہے، ان میں سے 70 فیصد سے زائد غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز زرعی اراضی پر قائم ہیں۔

غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام کے باعث پشاور کی زرعی اراضی ختم ہو رہی ہے، جس سے ضلع بھر میں غذائی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔