طے کریں گے استعفے کب ان کے سر پر ماریں، فضل الرحمان

December 09, 2020


پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ احتجاج کے مراحل میں استعفوں کا تذکرہ ہوتا رہے گا، طے کریں گے کب استعفوں کو ڈھال بناکر ان کے سر پر ماریں گے۔

پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 13 دسمبر کو لاہور میں تاریخی جلسہ ہوگا، حکومت جلسہ روکنے کے لیے مینار پاکستان کو ڈیم بنارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت نہیں ہے، آج آمریت کا ایک مہرہ ہے جس نے جمہوریت کو دفن کردیا ہے، آپ کس طرح اس نظام کو جمہوری کہہ سکتے ہیں۔

سر براہ پی ڈی ایم نے استعفوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم طے کریں گے استعفے کب دینے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لاہور لوگوں کا مرکز ہوگا، 13 دسمبر تاریخی دن ہو گا، انہوں نے ایک راستہ روکا تو ہم نے دوسرا راستہ بنانا ہے۔

سر براہ پی ڈی ایم نے کہا کہ موجودہ اسمبلیوں کےذریعہ سے سینیٹ کے اگلے مرحلے کے الیکشن جعلی ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ پہیہ جام کب ہوگا، کب لانگ مارچ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کے ذریعے سینیٹ کے الیکشن ہوئے تو وہ جعلی ہوں گے، سینیٹ کے الیکٹورل کالج کو توڑنا آئینی جدوجہد کا طریقہ سمجھتے ہیں۔