پنجاب میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا

December 24, 2020

لاہور سمیت پنجاب میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، سارا سارا دن نہ ہونے کے برابر گیس شہریوں کے لیے درد سر بن گئی۔

لوگ چولہے جلانے کے لیے لکڑیوں اور ایل پی جی کا استعمال کرنے لگے جبکہ صنعتوں میں بھی کم پریشر کی شکایات ہیں۔

ادھرسندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن اچانک بند ہوگئے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق صوبے بھر میں بدھ کو گیس اسٹیشن بند رہے، جمعے کو بھی گیس کی فراہمی بند رہے گی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبے میں گیس بحران پر اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے سندھ سے پیدا ہونے والی گیس سے صوبے کی ضروریات پوری کی جائیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو گیس سے محروم کرنا آئین کے 158 آرٹیکل کی خلاف ورزی ہے۔