یوٹیلیٹی بلز کی رقم جیب میں رکھنے کی شکایات، لاکھوں روپے ہڑپ

December 27, 2020

سکھر (بیورو رپورٹ) نواں گوٹھ میں قائم ڈاک خانے کا عملہ مبینہ طور پر لوگوں کی رقم ہڑپ کرنے میں مصروف ہے، شہریوں کی جانب سے جمع کرائے گئے یوٹیلیٹی بلز کی رقم متعلقہ اداروں کے اکاؤنٹ میں بھیجنے کے بجائے اپنی جیب میں رکھنے کی شکایات بڑھ گئی ہیں، متعلقہ محکموں کے افسران کارروائی کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، متاثرین رقم کی واپسی کے لئے دفاتر کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ نواں گوٹھ کے رہائشی عبدالجبار راجپوت، شکیل بندھانی، حافظ شعیب و دیگر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ڈاک خانے کا عملہ بجلی، گیس کے بل کی مد میں رقم دینے والے درجنوں افراد کے لاکھوں روپے ہڑپ کرچکا ہے، جن لوگوں نے قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کیا، ان کی رقم واپس کردی گئی جبکہ متعدد غریب افراد کو رقم کی واپسی کے لئے دلاسے دیے جارہے ہیں، لوگوں نے بلز جمع کرائے اور رقم ادا کی، بلز پر ڈاک خانے کی مہر اور متعلقہ افراد کے دستخط بھی ہیں مگر اس کے باوجود سیپکو اور سوئی گیس انتظامیہ بھی متاثرین کو ہی تنگ کررہے ہیں، متاثرین دونوں طرف سے شدید مشکلات میں گھر گئے ہیں، انہوں نے محکمہ پوسٹ کے حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر متعلقہ ڈاک خانے کے عملے کیخلاف کارروائی کی جائے اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔