سول اسپتال حیدرآباد میں 36 بستروں کےجدید آئی سی یو کا قیام

December 27, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ہسپتال مینجمنٹ بورڈ سندھ ایکٹ 2020ءکے تحت تشکیل دیئے جانے والے لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کی مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس لمس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بیکھا رام کی زیر صدارت ہوا جس میں ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی نے سول اسپتال حیدرآباد اور جامشورو میں تعمیروترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تین سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ ڈاکٹر نسیم الدین میرانی‘ سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان کے علاوہ رجسٹرار لمس ڈاکٹر سروپ بھاٹیا‘ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اجن اور مختلف شعبوں کے ڈین فیکلٹی‘ ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ اور اسپتال کے افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر ایڈمن نے اسپتال کے حوالے سے تین سالہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سول اسپتال حیدرآباد میں 36 بستروں کا جدید آئی سی یو بنایا گیا ہے جس میں زیر علاج مریضوں کو مکمل ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں‘ اس کے علاوہ گردے کی پتھری نکالنے کیلئے لیتھوٹرپسی مشین لگائی گئی ہے جس کے ذریعے گردے میں موجود پتھری کو نکالا جاتا ہے جو صبح سے شام تک استعمال کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی سی یو میں 12 نئے آپریشن تھیٹر تیار کئے گئے اس کے علاوہ لیکوئیڈ آکسیجن لائنیں پورے اسپتالوں میں بچھائی گئی ہے جس میں کراچی سے ٹینکر کے ذریعے لیکوئیڈ آکسیجن لاکر ڈالی جاتی ہے جو معیاری ہونے کے ساتھ ساتھ کم قیمت ہے۔ اسپتال میں صورتحال کو ہمہ وقت مانیٹر کرنے کیلئے 300 جدید سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اور اس حوالے سے مانیٹرنگ روم بھی بنایا گیا ہے جہاں سے بیٹھ کر پورے اسپتال کی صورتحال کا ہر وقت جائزہ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ گیسٹرو انٹرولوجی ڈپارٹمنٹ‘ انڈوس کوپی کے ساتھ ساتھ نیورو سرجری اور نیورو میڈیسن ڈپارٹمنٹ بھی نہ صرف بنائے گئے ہیں بلکہ انہیں اپ گریڈ بھی کیا گیا ہے‘ اسپتال میں بچوں کیلئے 30 بیڈ کا آئی سی یو بنایا جارہا ہے اور اس کی مشینری کی تنصیب کا کام جاری ہے جلد ہی یہ مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں جدید لانڈری لگائی گئی ہے جس کی مشینری فرانس سے منگوائی گئی ہے۔ این آئی سی وی ڈی کی طرز پر اسپتال میں امراض قلب کا شعبہ 24گھنٹے اپنی خدمات انجام دے رہا ہے جس میں انجیو گرافی‘ انجیو پلاسٹی کے ساتھ ساتھ امراض قلب کا مکمل علاج کیا جارہا ہے۔