دنیا کشمیر میں انسانیت کیخلاف بھارتی جرائم پرخاموشی توڑے، شبلی فراز

January 05, 2021

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم پر خاموشی توڑے۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حق خودارادیت بنیادی پیدائشی اور عالمی قانونی حق ہے، حق خودارادیت انسانی عظمت و وقار کے تقاضوں کا لازمی جز ہے۔

انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کی نفی آزادی، قدروں اور اُصولوں کا انکار ہے، کشمیری حریت پسندوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کوئی جبر و ظلم اس جائز، بنیادی جمہوری حق کی جدوجہد سےکشمیریوں کونہ ہٹاسکا، مقبوضہ جموں و کشمیر کےعوام کے لیے حق خودارادیت دینے کی قرارداد پر تاحال عمل نہیں ہوا۔

انہون نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔