نیا سال گہوارۂ امن ہو

January 17, 2021

پیامِ مسرّت، نیا سال ہے

خدا کی عنایت، نیا سال ہے

کشادہ دلی ہو، نئے سال میں

نئی زندگی ہو، نئے سال میں

کورونا سے مل جائے ہم کو نجات

نہ آئیں، نئے سال میں مشکلات

نئے سال میں ختم ہو دوریاں

نہ آئے ہمارے چمن میں خزاں

گلے بھی ملیں، ایک دوجے سے ہم

کسی آدمی کی نہ ہو آنکھ نم

نئے سال میں کوئی سازش نہ ہو

نئے سال میں غم کی بارش نہ ہو

کِھلیں پھول، ہر سمت دانائی کے

چلیں قافلے رنگ و رعنائی کے

نیا سال گہوارۂ امن ہو

محبّت بڑھے، بے حِسی دفن ہو

چراغِ محبّت جلیں چار سُو

نہ رَد ہو کسی کی کوئی آرزو

نیا سال خوابوں کو تعبیر دے

شکستہ دلوں کو بھی تسخیر دے

کسی گھر میں بھی تنگ دستی نہ ہو

شکارِ ستم کوئی بستی نہ ہو

نئے سال میں لوگ پھولیں، پھلیں

چراغ آرزوؤں کے ہر سُو جلیں

نہ ہو بغض و نفرت ، نئے سال میں

بڑھے جوشِ وحدت ، نئے سال میں

خدا کا کرم ہو نئے سال میں

گرانی بھی کم ہو نئے سال میں

نیا سال، خوش حال کردے ہمیں

نیا سال خوشیوں سے بھَر دے ہمیں

یہ سال آرزوؤں کا مسکن بنے

یہ سال آبروئے نشیمن بنے

کِھلیں چار جانب، محبّت کے پھول

نئے سال میں ہر دُعا ہو قبول