السی کے بیج

January 17, 2021

السی کے بیج باریک، چمک دار اور نوکیلے ہوتے ہیں، جو طبِ یونانی میں’’تخم کتان‘‘ اور انگریزی میں’’ فلیکس سیڈز‘‘کہلاتے ہیں۔ اطباء نے ان کا مزاج گرم و خشک بتایا ہے۔زمانۂ قدیم ہی سے السی کے بیج مختلف بیماریوں کے علاج کے طور پر استعمال کیے جارہے ہیں۔ان میں اومیگا تِھری فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے،تو لحمیات، نمکیات، فائبرز، کیلشیم، پوٹاشیم، آئرن، میگنیشیم، سوڈیم ،زنک اور فاسفورس وغیرہ بھی موجود ہوتے ہیں ، جوذہنی و جسمانی صحت کے لیے بے حد مفید ہیں۔

عام طور پر السی کے بیج توے پر بھون کر کھائے جاتے ہیں۔ تاہم، ان کو پیس کر رائتے اور سلاد پر چِھڑک کر بھی کھایا جاسکتا ہے۔چوں کہ ان کی تاثیر گرم ہوتی ہے،تو استعمال کم مقدار میں کیا جائے بہتر ہے۔ السی کے بیجوں میں موجود چکنائی بالوں، ناخنوں اور جِلد کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ان کے استعمال سے موٹاپا ہی کم نہیں ہوتا، کولیسٹرول کی زائد مقدار بھی نارمل ہوجاتی ہے۔ تحقیقات سے ثابت ہوچُکا ہے کہ یہ بیج سرطان سے تحفّظ فراہم کرتے ہیں۔نیز،گُردوں کے امراض میں بھی ان کا استعمال مفید ثابت ہوا ہے۔