لسانی بنیادوں پر طلباء کو تقسیم کرنیکی اجازت نہیں دینگے‘بی ایس او

January 14, 2021

کوئٹہ(پ ر)بی ایس او کے مرکزی ترجمان نے کہا ہےکہ بولان میڈیکل کالج میں حالیہ نشستوں میں اضافہ صحت میں ضروریات کے مطابق کم ہے ‘بلوچستان کے دیگر میڈیکل کالجز کی نشستوں کو ڈبل کیا جائے جبکہ تمام ڈویژنز میں میڈیکل کالجز بنانے کی ضرورت ہے‘ پشتون قوم کے حقوق کے لئے انکے اضلاع کی سطح پر کسی جدوجہد میں ساتھ دینگے لیکن بولان میڈیکل کالج میں کسی بلوچ ضلع کے کوٹے میں ایک سیٹ کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بلوچستان میں کوٹہ سسٹم آئینی و قانونی ہے‘ بولان میڈیکل کالج تمام بلوچستان کا ادارہ ہے کسی کو لسانی تعصب کی بنیاد پر طلباء کو تقسیم کرنیکی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان آئی ٹی یونیورسٹی و پبلک سروس کمیشن کی اسامیوں سمیت تمام امور کو ضلع میرٹ پر تقسیم کیا جائے تاکہ بلوچستان کے پسماندہ اضلاع کو بھی مواقعے میسر آسکیں۔بلوچستان میں وفاقی حکومت کے تحت بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز کے اساتذہ گزشتہ کئی عرصے سے اپنی مدد آپکے تحت اسکولز چلارہے ہیں لیکن تاحال نہ ان اسکولز میں زیر تعلیم طلباء وطالبات کو سہولیات میسر ہیں نہ اساتذہ کو قوانین کے مطابق تنخواہ دی جارہی ہے انکی اجرت سرکاری مجوزہ قوانین سے بھی کم ہے جبکہ انہیں مستقل نہیں کیا جارہا جسکی وجہ سے اساتذہ اور طلباء و طالبات مشکلات کا شکارہیں۔ وفاقی حکومت کے زیرانتظام بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز کو باقاعدہ محکمہ تعلیم بلوچستان میں ضم کیا جائے اور مسائل حل کئےجائیں‘بی ایس او ہر فورم پر آواز بلند کرے گی ۔