شہزاد اکبر نے عظمیٰ بخاری کو بھی نوٹس بھیج دیا

January 14, 2021


براڈ شیٹ سے کمیشن طلب کرنے کے الزمات پر مشیر داخلہ برائے احتساب شہزاد اکبر نے نون لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کو بھی ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے نوٹس میں مسلم لیگ نون کی رہنما عظمیٰ بخاری سے الزامات پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عظمیٰ بخاری نے ٹی وی شو میں بے بنیاد الزمات لگائے۔ لیگی رہنما معافی مانگیں یا 50 کروڑ ہرجانہ ادا کریں۔

شہزاد اکبر نے اپنے بیان میں بھی کہا کہ ہرجانے کی رقم وصول کر کے خیراتی اداروں کو دوں گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز مشیر داخلہ برائے احتساب شہزاد اکبر کی جانب سے ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا تھا۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ مریم اورنگزیب مجھ سے متعلق ہتک آمیز بیان واپس لیں، وہ اپنے بیانات پر 14 دن میں غیر مشروط معافی مانگیں۔