گلستان جوہر میں 8 سیکنڈ میں واردات، دودھ لیتے ہوئے نوجوان کی موٹر سائیکل چوری

January 14, 2021


کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک دکان پر دودھ لیتے ہوئے نوجوان کی موٹرسائیکل ان کے سامنے دو ملزمان لے کر فرار ہوگئے۔ واردات میں صرف 8 سیکنڈ لگے۔

گلستان جوہر تھانے میں گلستان جوہر بلاک 13 کے فراز ایونیو کے رہائشی نوجوان عبدالرحمن نے ایف آئی آر درج کروائی ہے کہ آج صبح وہ گلستان جوہر میں جوہر چورنگی پر واقع گجر ڈیری پر دودھ لینے کے لیے رکا، وہ کاؤنٹر پر پیسے دے رہا تھا کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان وہاں آئے جن میں سے ایک ملزم نے اس کا ہیلمٹ اٹھا کر پھینکا اور گاڑی اسٹارٹ کر کے فرار ہو گیا۔

عبدالرحمن کے مطابق اس نے ملزم کا تعاقب کیا مگر وہ ہاتھ نہیں آیا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عبدالرحمٰن دودھ کی تھیلی لیے موٹر سائیکل لے جانے والے نوجوان کے پیچھے بھاگتا ہے۔

گلستان جوہر پولیس کے مطابق واردات میں سات سے آٹھ سیکنڈز لگے، ملزم کو موٹر سائیکل کے سوئچ میں چابی چھوڑنے کی وجہ سے بہت آسانی ہوئی۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔