وحیدہ رحمان نے فلم کی پیشکش پر گرودت کو نام بدلنے سے انکار کردیا

January 15, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)1955میں جب گرو دت نے وحیدہ رحمان کو فلم میں شامل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ نازک انداز اور پرکشش وحیدہ رحمان کے رقص کی شہرت کا ڈنکا پورے حیدر آباد دکن میں بج رہا تھا۔ وحیدہ رحمان نے تیلگو زبان کی دو تین اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان میں سے ایک فلم میں این ٹی راما راؤ بھی ہیرو تھے جو بعد میں آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ بھی بنے۔ حیدر آباد دکن میں جب گرودت، ڈسٹری بیوٹر کے دفتر میں بیٹھے تھے تو وہیں انہیں وحیدہ رحمان کے رقص اور مقبولیت کا علم ہوا۔ گرودت اس وقت نئے چہروں کی تلاش میں تھے۔ پہلی ہی ملاقات میں گرو دت کو سادگی اور پراعتمادی کا پیکر وحیدہ رحمان بھا گئیں۔ انہوں نے وحیدہ کو بمبئی طلب کیا۔ والدہ کو فلمی ماحول پر شدید تحفظات تھے، لیکن وحیدہ رحمان نے یہاں والد مرحوم کی وہ بات یاد دلائی کہ کوئی ہنر خراب نہیں ہوتا، انسان اُسے خود خراب کرتا ہے۔ رحمان گرودت نے انہیں فلم ’سی آئی ڈی‘ کی سیکنڈ ہیروئن کے کردار کی پیش کش کی تھی۔ وحیدہ رحمان کے لیے تو یہ بات ہی خوشی سے کم نہیں تھی کہ وہ دیو آنند کے ساتھ کام کر رہی ہیں جو ان کے پسندیدہ اداکار تھے۔جب گرو دت نے وحیدہ رحمان کے نام پر اعتراض کیا تو وہ یکدم چراغ پا ہو گئیں۔گرودت کا کہنا تھا کہ وحیدہ رحمان کا نام خاصا لمبا ہے، غیر فلمی ہے۔ جس پر وحیدہ رحمان کا کہنا تھا کہ آپ کو کیا حق پہنچتا ہے کہ میرا نام بدل دیں۔’میں وحیدہ رحمان ہوں اور وحیدہ رحمان ہی رہوں گی۔ اگر آپ کو ابھی بھی اعتراض ہے تو میں اس فلم میں کام نہیں کروں گی۔آخر کار گرو دت نے ہتھیار ڈال دیئےاور فلمی معاہدہ تیار ہوا۔