کنگنا کا فلم ’’منی کارنیکا ریٹرنز؛ دی لیجنڈ آف ددہ‘‘ بنانے کا اعلان

January 15, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ میں متنازع بیانات دینے اور ہر کسی کے ساتھ لڑائی جھگڑا کرنے کے حوالے سے مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے نئی فلم بنانے کا اعلان کیا ہے اس فلم میں افغان بادشاہ محمود غزنوی کی شکست کو دکھایاجائے گا۔اداکارہ کنگنا رناوت نے 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’منی کارنیکا؛ دی کوئین آف جھانسی‘‘ کا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا ہے۔ فلم کا ٹائٹل ہے ’’منی کارنیکا ریٹرنز؛ دی لیجنڈ آف ددہ‘‘۔ یہ فلم بھی منی کارنیکا کی طرح تاریخ پر مبنی ہے جس میں کشمیر کی جنگجو ملکہ ددہ کی کہانی دکھائی جائے گی۔ایک ٹوئٹ میں کنگنا رناوت نے کہا کہ ہندوستان جھانسی کی رانی جیسی بہت ساری بہادر خواتین کی کہانیوں کا گواہ رہا ہے۔ اسی طرح کی ایک اور بہادر کہانی کشمیر کی رانی کی ہے۔ جس نے ایک نہیں بلکہ دو بار محمود غزنوی کو شکست دی۔ کنگنا رناوت کی اس فلم کو کمل جین پروڈیوس کریں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ددہ کشمیر کی ایک ہندو رانی تھیں جو 980 سے 1003 کے درمیان مختلف حیثیتوں سے بر سر اقتدار رہیں۔ رانی ددہ سے متعلق کوئی بھی بات مستند نہیں ، ان کا زیادہ ذکر 12ویں صدی میں کلہانا نامی ایک ہندو مصنف نے کشمیر کی تاریخ سے متعلق اپنی کتاب راجا ترنگنی میں کیا ہے۔ تاریخی حوالوں کے مطابق رانی نے محمود غزنوی کے کشمیر پر حملوں کو ناکام بنایا تھا۔