ساؤتھ افریقی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا

January 15, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سائوتھ افریقی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا،کراچی پولیس آفس میں جمعرات کو ایڈ یشنل آئی جی کراچی کی صدارت میں سائوتھ افریقی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی ڈویژن مقصود میمن نے غیر ملکی ٹیم کی 16 جنوری کو شہر میں آمد، ہوٹل میں رہائش، کرکٹ ٹیم کی پریکٹس اور ٹیسٹ میچ میں آمدورفت اور کراچی سے روانگی کے حوالے سے کیئے جانے والے سکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفننگ دی،پاکستان کرکٹ بورڈ کے وفد نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور کراچی پولیس کے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، نیشنل اسٹیڈیم سمیت تمام متعلقہ روٹس اور ہوٹلوں پر پولیس کی بھاری نفری کھلاڑیوں کی سکیورٹی کیلئے موجود رہیگی،کراچی پولیس کے 24سینئر افسران سمیت 59 ڈی ایس پیز، 608این جی اوز، 3612ہیڈکانسٹیبل/ کانسٹیبل، 31خواتین پولیس اہلکار، ریپڈ ریسپونس فورس کے 300جوان اور اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے 1080کمانڈوز تعینات کیئے گئے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ہوٹلوں پر اسپیشل برانچ کے 354سادہ لباس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ غیر معمولی حالات سے نمٹنے کیلئے اسپیشل سکیورٹی یونٹ کی SWATٹیمیں ہمہ وقت فوری ریسپونس کیلئے تیار رہینگی۔