اقتدار کیلئے عوام کوخوشنما نعروں سے دھوکہ دیا گیا،جمعیت نظریاتی

January 15, 2021

کوئٹہ (آن لائن )جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی سیدعبدالستارشاہ چشتی نے کہا ہےکہ جمعیت نظریاتی نے پی بی20حلقہ3کے ضمنی الیکشن کیلئے ٹکٹ سیدعبدالجلیل آغاکوجاری کردیا، پشین کے عوام 16فروری کوجمعیت نظریاتی کے انتخابی نشان تختی کوووٹ دیکرکامیاب کریں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی کے نامزد امیدوار سیدعبدالجلیل‘ آغا سید صدرالدین شاہ چشتی مولوی سیدعصمت اللہ آغا اوردیگروفودسے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مفاد پرستوں نے اکابرین کے پروگرام اورمنشور کی دھجیاں بکھیر کر اقتدار سے چمٹنے کے لیے عوام کوخوشنمانعروں سے دھوکہ دیا صرف بیانیہ ان کی سیاست کا محور ہوتا ہے اورسیاسی پوائنٹ اسکورننگ کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام نظریاتی نےمفادات موروثی اورنفرت انگیز سیاست کاجنازہ نکال دیا ہے، اکابرین کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا فرض سمجھ کر ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے، جمعیت نظریاتی کا اقتدار اور مفادات کا حصول کبھی ہدف نہیں رہا .اور نہ کسی کے مفادات کے لیے اصولوں پرسمجھوتہ کیا ہے۔