کیو ایم سی کے ملازمین کی ترقیوں کا مسئلہ حل کیا جائے

January 15, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن ایمپلائز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد شاکر ، ڈپٹی چیئرمین انور دمڑ ، حلیم کاسی ، عبدالحنان آغا و دیگر نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کی ترقیوں کا مسئلہ حل کیا جائے بصورت دیگر کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگائینگے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے میٹرو پولیٹن کے ایک میئر اور دو ایڈمنسٹریٹرز جانے کے باوجود ملازمین کی ترقیوں کا مسئلہ حل نہ ہوسکا ملازمین 30 سال سے اپنی ترقی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اگر اب بھی حقداروں کو ان کا حق نہ ملا تو مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ جب میٹرو پولیٹن کے ملازمین کو ان کا حق ملے گا تو تو وہ زیادہ بہتر انداز میں کام کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ملازمین کے مسائل کو سنجیدہ لیتے ہوئے لیٹر بھی لکھا لیکن مسئلہ جوں کا توں ہے انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی میٹروپولیٹن ملازمین کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے پروموشن کا مسئلہ حل کیا جائے بصورت دیگر ہم کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا نے پر مجبور ہوں گے ۔